چنڈی گڑھ، 8 ؍ستمبر((ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پنجاب کے وزیر اعلی پرکاش سنگھ بادل نے عام آدمی پارٹی(آپ)کے ممبران اسمبلی اور پارٹی کارکنوں کے اسکینڈل میں گھرنے کے بعد آج پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال پر سیاست کونچلی سطح تک لے جانے کا الزام لگایا۔بادل نے کہا کہ انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر کے دوران پہلی بار کسی سیاسی پارٹی کے رہنماؤں کی ایسی سطحی اور غیر جمہوری حرکتیں دیکھی ہیں۔انہوں نے یہاں نومنتخب انفارمیشن کمشنروں اور پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ارکان کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں سے کہا کہ کجریوال کو خواتین کے تئیں اپنی پارٹی کے کارکنوں کی نامناسب حرکتوں کو لے کر معافی مانگنی چاہئے۔بادل نے کہا کہ یہ بڑی بدقسمت اور افسوسناک بات ہے کہ آپ کارکنان جرائم میں شامل ہیں، تمام سیاسی فائدہ کے لئے اقدار کو طاق پر رکھ رہے ہیں۔جب ان سے پنجاب میں مکان خریدنے کی کجریوال کی منصوبہ بندی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے دہلی کے اپنے ہم منصب پر طنز کیا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ وہ یہاں بستے ہیں یا دہلی میں لیکن ایک بات میں ضرور کہتا ہوں، سب سے پہلے انہیں اپنے گھر(پارٹی)کو منظم کرنا چاہئے اور اپنی پارٹی کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں کو اخلاقیات کا اصل متن پڑھانا چاہئے ۔پنجاب میں چوتھے محاذ کے امکان کے سلسلے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ غیرمستقل اور مسترد کر دئے گئے لیڈروں کا جماؤڑہ ہے ۔انتخابات آنے پر ایسے کئی تنظیم یا محاذ آ جاتے ہیں لیکن انتخابات ختم ہونے کے ساتھ ہی یہ غائب ہو جاتے ہیں۔